نئی دہلی، 22اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان نے آج عراق سے اغواکئے گئے 39ہندوستانیوں کو رہا کروانے میں مدد دینے کی درخواست کی جنہیں جنگ زدہ ملک کے موصل میں دو سال پہلے یرغمال بنایاگیاتھا۔وزیرمملکت برائے ایم جے اکبر نے عراقی صدر فواد معصوم اور دیگر اعلیٰ عراقی رہنماؤں کے ساتھ بغداد میں مختلف مسائل پرہوئی وسیع بات چیت کے دوران اغواشدہ ہندوستانیوں کو چھڑوانے میں مدد کی درخواست کی۔اس بحث میں اسلامک اسٹیٹ کے خطرے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔عراق کو اسلامی اسٹیٹ کا قہر بری طرح جھیلناپڑا ہے جس نے ملک کے تیل سے مالامال علاقوں پراپنا قبضہ جما رکھا ہے۔بات چیت زیادہ تر دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں مرکوز رہی جس میں دونوں ممالک نے اس مسئلے سے نمٹنے میں ایک دوسرے کی مددکے عزم کااظہارکیا۔صدرمعصوم کے علاوہ اکبر نے نمائندے کونسل کے صدر سلیم امام جابوری، وزیر خارجہ ابراہیم جعفری اور قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات کی۔اس بات چیت میں اکبر نے 39ہندوستانیوں کا پتہ لگانے اور ان کی محفوظ رہائی کی درخواست کی۔عراقی قیادت نے اس معاملے میں پورے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔وزارت خارجہ نے آج یہ معلومات دیں۔اکبر تین دن کے دورے پر کل بغداد پہنچے۔وہ تین ممالک لبنان، شام اور عراق کے دورے پرہیں۔اس سے پہلے جون 2013میں اس وقت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید عراق گئے تھے۔